معروف شاعر خالد علیم صاحب فلک شیر زماں کے دوسرے شعری مجموعے کی اشاعت پر ’’اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ ‘‘کے عنوان کی ذیل میںرہنمائی کے بعد رقمطراز ہیں کہ امید کی جاسکتی ہے کہ ’’ نقشِ ثالث بہتر ازنقشِ ثانی ‘‘ کا مصداق ہوگا۔ جبکہ جاوید قاسم صاحب نے ’’ ان دیکھی راہوں کے مسافر‘‘ میں منافقت سے پاک رویے کو سراہتے ہوئے اپنے ’’عہد کے نقاش ‘‘کے روپ میں ملاحظہ کیا ہے اور مرحوم اطہر نفیس کی معروف غزل کی پیروڈی کو بھی ’’سراہنے کا شرف بخشا‘‘ ہے۔
عاصم بخاری صاحب نے ’’ شاعرِنغز گوئے خوش گفتار‘‘ کی ذیل میں موجودہ نقاد حضرات کی روش کو دوام عطا کرتے ہوئے ’’کیمیائی مساواتی‘‘(دوہرے تعاملات کے سے)انداز میں ’’ نوجوان نسل کے نمائندہ شاعر ‘‘کے ’’ دامنِ قرطاس ‘‘میں’’ فصاحت ِ معانی‘‘ اور’’ بلاغتِ شعری ‘‘کی ’’بلند قامتی، پروازی خیال ، انتخاب ہائے مضامین، لطفِ جلوہ ہائے معانی ، رفعتِ فہم و تدبر، طرزِ تخاطبِ نطق، گزارشِ احوالِ واقعی، انشراح ِ واردات ِ دل‘‘(وغیرہ)کو ’’گنجینہِ ادب جو ہرِ تابدار ‘‘ کو ’’ سزاوار ِ مدح ‘‘ کا منصب عطا کیا ہے ۔ اور ’’اہالیانِ فکرو دانش‘‘ سے ’’ اس نومولود‘‘ مگر ’’ پروقارآواز‘‘ کی رہنمائی کی طرف رجھانے اور ’’ کونپلانِ گل ِتخلیق‘‘ کی آبیاری پر آمادہ کرنے کی کوشش میں قلم کو ناکوں چنے چبواتے ہوئے خون تھکوادیا۔۔ ۔۔حق مرحوم موصوف کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان پر رحم۔۔۔۔
جبکہ ’’ادھورے سچ کے تسلسل میں ‘‘ صاحبِ مجموعہ اپنی کم مائیگی اظہار کرتے ہوئے قارئین سے حوصلہ افزائی کے طالب ہیں اور عنقریب اپنے تیسرے مجموعے کی اشاعت کی خبر دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ ’’ عشق بِنا بے حال ہوا‘‘ ان کا پہلا شعری مجموعہ تھا، متوقع کتابوں میں ’’ اکھّاں سولی چڑھیاں‘‘ (پنجابی) ’’میں تم سے اتنا کہتی ہوں‘‘ (اردو) اور ’’ شبِ درد‘‘ (اردو)شامل ہیں ، متذکرہ کتاب کے مکمل مطالعے کے بعد میری دانست میں فلک کو فی الحال صنعتِ شعر کے معائب و محاسن ، زبان و بیان ، صرف و نحو اور دیگر رمزیات پر توجہ دینے اور شعری مشغلہ کو مسئلہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ قدماء متاخرین و متوسطین سمیت عصرِ حاضر کے شعراء کے بالاستیعاب مطالعے سے ان کے کلام میں نکھار پیدا ہوسکتا ہے ۔ امید ہے آپ اس نوجوان کی حوصلہ افزائی فرمائیں گے ۔ میں دعا گو ہوں کہ باری تعالیٰ بن باس کے شیر فلک شیر زمان کے قلم کو حرمت اور دوام عطا فرمائے آمین ۔
ہنسنے لگتا ہے زمانہ پڑھ کے تحریریں مری یہ حقیقت بھی نہیں ہے اور فسانہ بھی نہیں ( فلک شیر زمان)
:کتاب کے ملنے کا پتہ: عنکبوت پبلیکیشنر: سائوتھ ہال ، یوکے ڈاٹ لائن پرنٹرز : اولڈ اعجاز سینٹر ، روم نمبر 1، سیکنڈ فلور، رائل پارک ، لکشمی چوک، لاہور اسٹوڈنٹس شیلٹر : 10 جی خواجہ آرکیڈ، وحدت روڈ ، لاہور تبصرہ کی پی ڈی ایف ان پیج اردو یونی کوڈعلوی نستعلیق مائیکرو سوفٹ ورڈ اور گف فائل ڈاؤن لوڈ کیجے۔


مغل بھائی،
ReplyDeleteاس پُر مغز تعارف اور تبصرے کا شکریہ.
ہم بھی آپ کی اس دعا پر کہ باری تعالیٰ بن باس کے شیر فلک شیر زمان کے قلم کو حرمت اور دوام عطا فرمائے، آمین کہتے ہیں.
تبصرے میں موجود فلک شیر صاحب کا واحد شعر بھی خوب ہے .
شکریہ احمد میاں ، سلامت رہیں ۔۔
ReplyDelete